کابل: افغانستان میں طالبان کے دو حملوں میں مجموعی طور پر 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے پہلا حملہ قندوز کی چیک پوسٹ پر کیا، حملے میں 5 اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ حملہ آور افغان فوج کا اسلحہ اور دو گاڑیاں بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
دوسری جانب صوبے جوزجان کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر بھی موٹر سائیکل سوار درجن بھر سے زائد طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ اس کارروائی کے بعد بھی حملہ آور اپنے ہمراہ افغان فوج کا اسلحہ اور گاڑیاں لے گئے۔ افغان حکومت اور طالبان جنگجوؤں کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے باوجود گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جنگجوؤں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 171 ہوگئی ہے جب کہ 250 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 29 فروری کو طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے باوجود افغانستان میں تاحال امن قائم نہیں ہوسکا ہے، طالبان معاہدے کے تحت اپنے اسیروں کی رہائی کے عمل میں سست روی پر ناراض ہیں جب کہ حکومت رہائی کو حملے روکنے سے مشروط کر رہی ہے۔