پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ کی جیلوں میں ماحول دوست شاپنگ بیگز کے پلانٹ لگانے اور سیاحتی مقامات پر اس کی سیاحوں میں مفت تقسیم کے منصوبے پر کام شروع کردیاہے اس سلسلہ میں پلانٹس کی مشینری پہنچ چکی اور واں ماہ کے اواخر تک پیداوار بھی شروع کردی جائے گی ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹر ی کی خصوصی ہدایات کے بعد محکمہ جیل خانہ جات نے منصوبہ پر کام تیز کردیاہے منصوبہ کے تحت ہری پور جیل میں کاغذکے بڑے لفافہ نما بیگز تیار کرنے کے لیے پلانٹ لگایاجارہاہے جبکہ ابیٹ آباد جیل میں بائیوڈی گریڈیبل شاپنگ بیگز کی تیاری کاپلانٹ لگایاجارہاہے دونوں پلانٹس روا ں ماہ کے اواخرمیں پیداوار شروع کردیں گے۔
ذرائع کے مطابق ہزارہ کی ڈویژنل اورایبٹ آباد اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلہ میں ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ سیاحوں میں مفت تقسیم کے لیے مذکورہ بیگز حاصل کیے جائیں جبکہ ملاکنڈ انتظامیہ کی طرف سے بھی مذکورہ بیگز حاصل کیے جائیں گے منصوبہ کامقصد سیاحتی مقامات کو پلاسٹک بیگز کی آلودگی سے محفوظ بناناہے بعدازاں مذکورہ بیگز مارکیٹ میں بھی دستیاب ہونگے بیگز کی آمدن کادس فیصد متعلقہ ہنرمند قیدیوں کے لیے مختص کیاجائیگا جبکہ پلانٹس میں خواتین قیدی بھی کام کریں گی اس سلسلہ میں رابطہ پر تصدیق کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد خان ترند نے بتایاکہ یہ انتہائی اہم اورماحول دوست منصوبہ ہے جبکہ اس سے نہ صرف جیلوں کو آمد ن حاصل ہوسکے گی بلکہ قیدیوں کو بھی آمد ن ہوسکے گی بعدازاں ا س کو دیگر اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی۔