خیبر پختونخوا کے 16اضلاع ڈینگی کے حوالے سے حساس قرار

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور اور ضم علاقوں سمیت صوبے کے 16اضلاع کو ڈینگی کے حوالے سے حساس قرار دیدیا ہے ٗ محکمہ صحت نے ان اضلاع پر فوکس کرنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے ڈی ایچ اوز کو ہدایات جاری کر دی ہیں ٗ جولائی میں مون سون کا موسم شروع ہو رہا ہے ٗ خیبر پختونخوا میں بارشوں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں بارشوں کا پانی کھڑے ہونے سے بھی ڈینگی کی افزائش متوقع ہے ٗ جس کے باعث ڈینگی پھیلنے کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔

ہر سال جولائی میں درجہ حرارت ڈینگی کے موافق ہو جاتا ہے جو لاروے کی افزائش کا سبب بنتا ہے ٗ پشاورمیں تہکال اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گزشتہ سالوں میں بھی ڈینگی کے مریض سامنے آئے جبکہ ڈینگی کے باعث اموات بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں ٗ ادھر متعلقہ اداروں نے ڈینگی سپرے کا عمل شروع کرنے کیلئے انتظامات شروع کر دیئے ہیں ٗ پہلے مرحلے میں حساس علاقوں میں پر فوکس کیا جائیگا ٗ اور گھر گھر سپرے شروع کیا جائیگا۔