غصہ اور ’موڈ سوئنگ‘ یونس خان کیلئے خطرہ قرار

 غصے اور ’موڈ سوئنگ‘ کو یونس خان کے نئے کیریئر کیلئے خطرہ قرار دیا جانے لگا۔

دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کو سینئر ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ سابق اوپننگ بیٹسمین رمیز راجہ نے اس حوالے سے کہا کہ یونس چونکہ سنجیدہ مزاج کے انسان ہیں اس لیے کسی بھی وقت غصے میں آسکتے ہیں، ان کا موڈ ہر پل بدلتا رہتا ہے، اس بات کا ہمیشہ ہی خطرہ موجود رہے گا کہ انھیں کیا بات ناگوار گزرے اور وہ ذمہ داری چھوڑ کر چلتے بنیں، کوچنگ دراصل مین مینجمنٹ کا نام اور آپ کو بہت زیادہ صبروتحمل کی ضرورت ہوتی ہے، اگر آپ اپنے غصے کو کنٹرول نہیں کرسکتے تو پھرکامیاب کوچ نہیں بن سکتے، نئی ذمہ داری میں چیزیں ایک حد تک یونس کے کنٹرول میں ہوں گی، اگر انھیں وہ تمام اختیار نہ بھی ملیں جو وہ چاہتے ہیں تب بھی اپنے نئے کردار سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

رمیز راجہ نے مزید کہا کہ کوچنگ سیٹ اپ میں یونس خان کی موجودگی بہرحال نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہت ہی فائدہ مند ہے، وہ ان کیلئے بہترین کرکٹنگ ماحول بنا سکتے ہیں، بیٹسمین ان سے سپن بولنگ کو کھیلنے کا فن اور وکٹوں کے درمیان تیزی سے رننگ سیکھ سکتے ہیں، وہ فیلڈنگ ڈپارٹمنٹ میں بھی بہت اہم کردار ادا کریں گے، مجموعی طور پر کھلاڑیوں کے پاس ان سے بہت کچھ سیکھنے کا سنہری موقع موجود ہوگا۔