کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب بھی کورونا وائرس کی زد میں آ گئے، انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آ گیا، میں خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گھر والوں کے بھی ٹیسٹ کرائے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار 666 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 153 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 382 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 604 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 64 ہزار 216، سندھ میں 65 ہزار 163، خیبر پختونخوا میں 20 ہزار 790، بلوچستان میں 9 ہزار 162، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 253، اسلام آباد میں 10 ہزار 279 جبکہ آزاد کشمیر میں 803 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 10 لاکھ 42 ہزار 787 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 681 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 63 ہزار 504 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 153 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 382 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 347، سندھ میں ایک ہزار 13، خیبر پختونخوا میں 789، اسلام آباد میں 95، گلگت بلتستان میں 21، بلوچستان میں 100 اور آزاد کشمیر میں 17 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔