قبائلی اضلاع میں چینی حکومت کی امداد سے سکولوں کی بحالی

پشاور۔وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں چینی حکومت کی مالی امداد سے سکولوں کی بحالی پروگرام کے تحت قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں مکمل تباہ ہونے والے سات سکولوں کی تکمیل جلد مکمل کرنے اور رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے اس سلسلے میں وفاقی اکنامک افیئرز ڈویژن کی جانب سے صو بائی حکو مت کے نام مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں مذکورہ باقی ماندہ 7سکولوں کی تعمیرکا کا م جلد مکمل کرنے کیلئے بڈنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے اس طرح ادائیگی کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے سپلیمنٹری معاہدے کا ڈرافٹ تیار کیا جائے 

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل طے شدہ طریقہ کار کے مطابق منصوبے کے فنڈز براہ راست چائنی کنٹریکٹرز کو اداکرنے تھے جن کا انتخاب چائنی حکومت نے کیا تھا چونکہ اس منصوبے کا سبجیکٹ مختلف ہے اس لئے اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ منصوبے کا کنٹریکٹراور کنسلٹنٹ مقامی ہونگے انہیں ادائیگی پاکستان میں ہی کی جائے گی۔اعلامیہ کے مطابق منصوبے کی فیزیبلیٹی،ڈیزائنگ،کنسٹرکشن اور سپرویژن کی ذمہ داری پاکستان کی ہوگی۔مراسلے میں ضم شدہ سیکرٹریٹ کو اس حوالے سے فوری رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔