کورونا وبا، ملک میں 3892 نئے متاثرین ‘مزید 60 افرادجاں بحق

پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق ملک بھر میں 23 جون کو 60 افراد کی موت کے بعد کووڈ 19 سے اموات کی تعداد اب بڑھ کر 3755 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار سے کچھ زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 3892 متاثرہ افراد کی تشخیص ہوئی ہے۔

ملک میں اب تک کل 188926 افراد میں کووڈ 19 کی شناخت ہوئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 77754 ہے۔

 اس وقت ملک میں کووڈ مریضوں کے لیے 1539 وینٹی لیٹرز مختص ہیں جس میں سے 549 اس وقت زیر استعمال ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ جولائی کے اختتام تک مزید 1895 وینٹی لیٹرز سسٹم میں شامل کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے لیے آکسیجن کے 200 سلنڈرز بھی فراہم کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 250 بستروں پر مشتمل وبائی امراض کا نیا ہسپتال ریکارڈ 35 دنوں میں تیار کیا گیا ہے اور بہت جلد وہ مریضوں کو داخلہ دینا شروع کر دے گا۔