خیبر پختونخوا حکومت نجی سکولوں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے پر متفق

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے نجی سکولوں میں آن لائن کلاسوں کیلئے مجموعی تدریسی عملے کے 10فیصد  اور اتنی ہی تعداد میں انتظامی امور کے ملازمین کی حاضری پر اتفاق کیا ہے ٗمعاملات کو 29جون کے اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی ٗ نجی سکول کو فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے قرضوں کے حصول کیلئے قانون میں ترامیم کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔

 وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس گزشتہ روز ویز ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن غزن جمال ٗ سیکرٹری تعلیم ندیم اسلم چوہدری ٗمنیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی تاشفین حیدر اور پرائیویٹ سکولز ایجوکیشن نیٹ ورک کے صدر سلیم خان ٗ فضل اللہ داودزئی ٗ انس تکریم اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی پرائیویٹ سکولز ایجوکیشن نیٹ ورک عہدیداروں نے کورونا صورتحال کی وجہ سے متاثرہ نجی سکولوں کی طرف سے مطالبات پیش کئے۔

جس میں سکولوں کے اساتذہ اور ایڈمنسٹریشن سٹاف کی حاضری، سکولوں کو ٹیکس میں چھوٹ اور حکومت کی طرف سے نجی اسکولوں کے لئے قرضوں کے مطالبات شامل تھے نجی سکولوں کو احساس پروگرام میں حصہ دینے کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ساتھ اس حوالے سے خصوصی بات کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے یونیورسٹیز کے طلبا مستفید ہو رہے ہیں اور اگر کوئی قانونی پیچیدگی نہ ہو تو وفاق ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔