مہمند میں طوفانی بارش ٗ سیلابی ریلے میں 3بچے ڈوب گئے

 مہمند۔مہمندمیں طوفانی بارش اور سیلابی ریلے میں ایک ہی خاندان کے 3بچے ڈوب گئے جبکہ پک اپ گاڑی بہہ کر پنڈیالئی سمال ڈیم میں ڈوب گئی تاہم ڈرائیور زخمی حالت میں معجزانہ طور بچ گیا۔ قبائیلی ضلع مہمند میں منگل کی شام تک جاری رہنے والی شدید طوفانی بارش کے بعد خوفناک سیلاب نکل آیا جس کے ریلے میں بہہ کر سعید نامی شخص کا چھوٹا بیٹا ابوبکر‘کم عمر بیٹی تنزیلہ اور مسلم خان کا چھوٹا بیٹاعمر خان جاں بحق ہوگئے۔

تینوں بچوں کی لاشیں رات کو برساتی نالوں سے نکال لی گئیں۔اس دوران سیلاب میں ایک پک اپ گاڑی بھی بہہ کر پنڈیالئی بارانی ڈیم میں ڈوب گئی، ڈرائیور افسرخان زخمی حالت میں جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ضلع بھر میں شدید طوفانی بارش سے کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کئی گھر منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

تینوں جان بحق بچوں کی نماز جنازہ بدھ کے روز ادا کردی گئی۔ ضلع مہمند کے قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد شعیب نے ڈی ایس پی دلفراز خان، ڈی ایس پی علی مراد خان اور دیگر مقامی پولیس حکام کے ہمراہ تحصیل پنڈیالئی احمدی کور کا دورہ کرکے جاں بحق بچوں کے ورثاء سے تعزیت کی اور غمزدہ لواحقین کو فوری ضروریات کے لئے نقد امداد دی۔