گلگت بلتستان۔گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے پر اسمبلی تحلیل ہوگئی۔اسمبلی تحلیل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے اور نگراں وزیر اعلیٰ میر افضل آج(جمعرات کو) اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جن سے گورنر گلگت بلتستان راجا جلال حسین مقپون حلف لیں گے جس کے بعد صوبے میں انتخابات کا عمل شروع کرنے کیلئے نگران حکومت کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔نگراں کابینہ کی تشکیل کیلئے بھی بھاگ دوڑ تیز ہوگئی ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر نے متوقع نگراں وزیروں کو اسلام آباد طلب کرلیاہے۔
متوقع نگراں کابینہ میں اب تک 3وزار ء کے نام فائنل ہوچکے ہیں جن میں ایمان شاہ، ناصر زمانی، آفتاب اسماعیل شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ تقریبا ً درجن وزرا پر مشتمل رکھنے کا امکان ہے۔نگراں وزیر اعلیٰ میر افضل خان کا تعلق ضلع استور کے علاقے بونجی سے ہے۔
میر افضل خان طویل عرصے تک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے اور انہوں نے ایس پی اور پھر ایس ایس پی کی حیثیت سے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں فرائض سرانجام دیئے جبکہ چند سال قبل وہ ڈی آئی جی کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔