پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے مختلف تنظیموں کے احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں، پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جبکہ شہریوں نے بھی جوابی پتھراؤ کیا۔ تفصیل کے مطابق پشاور میں پولیس کی جانب سے شہری پر تشدد اور برہنہ کرکے ویڈیو بنانے کے واقعہ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکا تاہم مظاہرین کی جانب سے شہری پر تشدد کرنے پر پولیس کی جانب لاٹھی چارج اور گیس کی شیلنگ کی گئی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا اور نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو معطل کرنے کی بجائے نوکری سے فارغ کیا جائے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ تہکال میں شہری پر تشدد کے واقعہ پر افسوس ہے۔ ڈیپارٹمنٹ میں سزا و جزا کا عمل موجود ہے،واقعہ کی انکوائری جاری ہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پی کو عدالت طلب کیا اور واقعہ کی انکوائری اور ملوث افراد کو سزا دینے کی ہدایت کی جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ملوث ملزموں کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔