پاکستان میں مزید 1132 نئے کیسز سے متاثرین ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد

پاکستان میں کورونا وائرس سے لوگوں کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس کے کیسز میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

ملک میں آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار 745 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 962 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج (26 جون) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1132 نئے کیسز اور 31 اموات سامنے آئیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کو 4 ماہ کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے تاہم اس دوران 2 ماہ کیسز کی تعداد کم جبکہ 2 ماہ کافی زیادہ رہی۔

26 فروری کو ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز تھے جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد اسی ماہ کی 31 تاریخ تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔

اپریل میں کورونا وائرس کے کیسز میں تھوڑا اضافہ ہوا اور یہ 30 تاریخ تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہوگئے جبکہ اموات 385 تک پہنچ گئیں۔

مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اچانک اضافہ ہوا اور متاثرین 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔

رواں ماہ جون میں کورونا وائرس کی صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور گزشتہ 25 روز میں ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد کیسز اور 1400 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (26 جون) کو بھی ملک میں کورونا وبا نے مزید لوگوں کو متاثر کیا اور متعدد لوگ لقمہ اجل بھی بن گئے۔