مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے۔ مظفرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا 'بھارتی فوجیوں کی ایل او سی کے خلاف بلا امیتاز و اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نیتجے میں پیدا ہونے والے حالات کا ادراک ہے'۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں ایل او سی پر رہنے والے شہریوں کی مشکلات کا علم ہے- ان کا کہنا تھا کہ مودی کی سوچ ہٹلر کی سوچ ہے کیونکہ وہ ایک نارمل انسان نہیں ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 12 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیا جائےگا جس کے تحت 10 لاکھ روپے تک علاج مفت ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں روز کشمیریوں کو شہید کیا جاتا ہے لیکن کوئی بھی طاقت کشمیریوں کے جذبے کو ختم نہیں کرسکتی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی انسانی حقوق کی پامالیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ بنائیں۔ ایک ٹویٹ میں تشدد کے شکار متاثرین کی حمایت میں عالمی دن کے موقع پرانہوں نے کہا کہ 'مقبوضہ کشمیر میں خواتین، مردوں اور بچوں کو پیلٹ گنوں، جنسی زیادتیوں اور جسمانی اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے'۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا میں ہندوتوا مودی حکومت کے مظالم کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانیت سوز قوانین کے منافی ہے اور یہ ناقابل قبول ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مودی جماعت آر ایس ایس کی پیداوار ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کریلا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئیں تھیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 'بھارتی فوج نے ایل او سی سے ملحق کریلا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا'۔ خیال رہے کہ 16 جون کو بھارتی فوج نے ایل او سی سے ملحق بگسر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں ایک شہری زخمی ہو گیا تھا۔ بھارتی فوج نے 12 جون کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں بزرگ خاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔