گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مزید 74 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 4 ہزار 35 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 33 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 12 لاکھ 14 ہزار 140 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 883 ہو گئی ہے جن میں سے 86 ہزار 906 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے مصدقہ مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد سندھ میں ہے جہاں اس وائرس سے مبتلا افراد کی تعداد 76 ہزار 318 ہے، پنجاب میں 72 ہزار 880، خیبرپختونخوا میں 24 ہزار 943، بلوچستان میں 10 ہزار 116، اسلام آباد میں 12 ہزار 206، آزادکشمیر میں ایک ہزار 3 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 417 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 74 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 4 ہزار 35 ہو گیا ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 656 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 205، خیبر پختونخوا میں 890، اسلام آباد میں 120، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 113 اور آزاد کشمیر میں 28 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔