سابق امیر جماعت اسلامی سیّد منور حسن کو سپرد خاک کر دیا گیا

کراچی: سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کو سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔نماز جنازہ میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں کے علاوہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی نماز جنازہ عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں سینیٹرسراج الحق کی امامت میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ مرحوم منور حسن نے ہمیشہ حق سچ کی بات کی اور باطل کی مخالفت کی منور حسن کے مشن کو آگے بڑھایا جائیگا- نماز جنازہ میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامر خان، ایم کیوایم حقیقی کے آفاق احمد، پی ایس پی کے ارشدوہرہ، جے یو آئی کے قاری عثمان۔۔ ن لیگ کے نہال ہاشمی سمیت دیگر شریک ہوئے۔

سیاسی رہنماوں کا کہنا تھاکہ کورونا وائرس اور طبعی موت کی وجہ سے چند دنوں میں کئی عالم دین ہم سے جدا ہوگئے۔  منور حسن کو سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ جہاں جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔