لاہور: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چند دن قبل پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے نام پر عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا اور اب مافیا کو لگام ڈالنے کے دعوے دار خود مافیا بن گئے۔
لاہور میں میڈیا آفس میں بات کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی نام نہاد حکومت نے قوم کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا ہے، وفاقی بجٹ میں عوام کے لیے کچھ کرنے کے بجائے غریب عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے کا ریکارڈ اضافہ کرکے مہنگائی کا سونامی بہا دیا اور اب مہنگائی کا وہ سیلاب آرہا ہے جو تھمنے کا نام نہیں لے گا۔
سربراہ جے یوآئی کا کہنا تھا کہ مافیا کو لگام ڈالنے کے دعوے کرنے والے خود مافیا بن گئے، چینی مافیا کے بعد پٹرولیم مافیا کو غریب عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا، نام نہاد حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر پٹرول بم پھینک دیا جو حکمرانوں کی غریب دشمن پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ظلم کی حکومت کو عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں یہ حکومت مزید نہیں چل سکتی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کورونا وائرس، معیشت کی زبوں حالی، بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سےغریب عوام کو ایک وقت کی روٹی میسر نہیں، اور عوام دشمن حکومت نے ان پر مزید مہنگائی کا سیلاب مسلط کر دیا، حکومت نے چند روز قبل عوام کے ساتھ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا مذاق کیا، اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے پریشان قوم کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جسے عوام برداشت نہیں کرے گی، ایسے عوام دشمن اقدام کو مسترد کرتے ہیں، حکومت تیل کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی طور پر اقدامات کرے۔