انگلینڈ سے سیریز کیلئے پرجوش پاکستانی کرکٹرز کی بھرپور پریکٹس، کوچز نیٹ میں محنت کراتے رہے

کراچی  انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ووسٹر میں تقریباً ساڑھے تین ماہ بعد گرائونڈ میں اترے تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔ بدھ کو کھلاڑیوں نے دو سیشن میں پریکٹس کی۔ مصباح الحق کی سربراہی میں کوچنگ اسٹاف میں شامل پاکستان کی تاریخ کے تین بڑے کرکٹرز، بیٹنگ کوچ یونس خان، بولنگ کوچ وقار یونس اور اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کھلاڑیوں کو نیٹس میں محنت کراتے دکھائی دیے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے سب کھلاڑی پرجوش ہیں، میدان میں واپسی ہوئی ہے۔ کئی دنوں بعد میدان میں اترے ہیں۔ فزیو کلف ڈیکن اور ریزرو کھلاڑی ظفر گوہر نے بھی کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پریکٹس میں حصہ لیا۔ یونس خان پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں پہلی بار شامل ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ دوبارہ جڑنے پر اچھا لگ رہا ہے ۔ ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں واپس آئے ہیں بہت اچھا لگ رہا ہے ۔ اسٹار بیٹسمین، ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کو تاریخی قرار دے دیا۔ اچھی کارکردگی کے لئے بھی پرعزم ہوں۔