پشاور۔ پشاور کے ابھرتے ہوئے نوجوان گیند باز حمزہ قمر نے قلیل مدت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ جلد ہی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ حمزہ قمر گزشتہ دو سالوں سے شمع کرکٹ کلب پشاور کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ مختلف ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے پر کوچ فضل اکبر ٗ حنیف شاہ اور دیگر کوچنگ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہیں۔
حمزہ قمر نے روزنامہ آج سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر وہ باؤلنگ آل راؤنڈر ہیں جبکہ آنے والا پاکستان سپر لیگ سیزن 6ان کا پہلا ہدف ہو گا اور مستقبل قریب میں وہ اپنی سخت محنت اور کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باؤلنگ میں وسیم اکرم اور وقار یونس جبکہ آل راؤنڈرز میں عبد الرزاق اور کرس ووکس ان کے آئیڈیل ہیں۔ یاد رہے کہ شمع کرکٹ کلب کے محمد رضوان اور محمد افتخار پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔