ملک میں کورونا کیسز میں 2005، صحتیاب افراد کی تعداد میں 5 ہزار 217 کا اضافہ


پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری آرہی ہے اور کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ملک میں مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 982 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 5 ہزار 304 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیر کو 1977 نئے کیسز اور 54 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ 5 ہزار 217 افراد صحتیاب ہوگئے، تاہم 28 کیسز بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج سامنے آئے تو یوں کیسز میں 2005 کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے یومیہ 5 سے 6 ہزار تک آنے والے کیسز اب 2 سے 3 ہزار تک پہنچ گئے ہیں جبکہ یومیہ 100 سے زائد اموات بھی کم ہوکر 2 ہندسوں پر آگئی ہیں۔

یہی نہی بلکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے نے ملک میں فعال کیسز کی تعداد کو بھی کافی حد تک کم کردیا ہے اور اس وقت ملک میں 64 فیصد سے زائد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد اس کو یہاں ساڑھے 4 ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران کیسز کی تعداد میں بلندی بھی دیکھی گئی۔

فروری کے آخری 4 روز سے مارچ کی 31 تاریخ تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور26 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

اپریل کے اختتام تک کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار جبکہ اموات 385 تک پہنچ گئیں تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کے مہینے میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کر گئیں جبکہ جولائی کے ابتدائی 12 روز کے دوران ملک میں تقریباً 38 ہزار نئے کیسز اور 900 سے قریب اموات رپورٹ ہوئیں۔