تازہ دم دستہ اب ڈربی میں پریکٹس سے لہوگرمائے گا


تازہ دم دستہ اب ڈربی میں پریکٹس سے لہو گرمائے گا،پاکستانی کرکٹرز بدھ سے ڈربی میں  شیڈول صبح اور سہ پہر کے2 سیشنز میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے سرگرم ہوں گے،اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک میچ میں شکست پر انگلینڈ کی طاقت کا غلط اندازہ نہیں لگائے گا، میزبان اسکواڈ تمام تر ہتھیاروں سے لیس ہے، ہمارے بیٹسمین اچھا مجموعہ ترتیب دیں، بولرز وکٹیں اڑائیں تو کامیابی حاصل ہوگی، میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہوں۔

تفصیلات کے مطابق 10 کرکٹرز کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے پاکستان کا ادھورا اسکواڈ انگلینڈ پہنچا تھا، ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر ووسٹر میں پہلے مزید 6 اور بعد میں 3  کرکٹرز نے بھی جوائن کرلیا، ووسٹر میں قرنطینہ کی مدت اور ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد اب شعیب ملک اور حارث رؤف کے سوا تمام کرکٹرز ڈربی پہنچ چکے ہیں، ٹیم 2 روز کا آرام ملنے کے بعد تازہ دم بھی ہوگئی، بدھ سے نئے وینیو پر نئی مشقوں کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، 3،3 گھنٹے کے 2سیشنز ہوں گے، پہلا صبح 10 اوردوسرا سہ پہر 2  بجے شروع ہوگا۔


 
اس دوران کھلاڑی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے سرگرم رہیں گے،موسم سرد رہنے کا امکان ہے، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں پریکٹس سے لہو گرمایا جائے گا، دریں اثنا ڈربی سے ویڈیو کانفرنس میں شان مسعود نے کہاکہ ویسٹ انڈیز سے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود انگلینڈ کو کمزور حریف نہیں سمجھا جا سکتا، میزبان ٹیم طویل وقفے کے بعد میدان میں اتری تھی اسی لیے شاید کچھ غلطیاں ہوئیں، اس کے پاس اچھی بیٹنگ لائن موجود ہے،8 بہترین بولرزمیں سے4 پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ جیمز اینڈرسن اور جوفرا آرچر ٹاپ کلاس ہیں لیکن ہمیں مثبت ذہن کے ساتھ کریز پر جانا اور ایک ایک رن کیلیے محنت کرنا ہے،ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کیخلاف جیت کر ثابت کیا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کوئی ٹیم آسان نہیں،بہتر کارکردگی کے بغیر فتح حاصل نہیں ہو سکتی، بیٹسمین اچھا ٹوٹل بنائیں، بولرز جلد آؤٹ کریں تب ہی ٹیسٹ جیتا جا سکتا ہے، شان مسعود نے کہا کہ ہمیں انگلینڈ کی 20 وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی، ٹیم کے پاس اچھے پیسرز کے ساتھ ورلڈکلاس اسپنر  یاسر شاہ موجود ہیں، شاداب خان اسپننگ آل راؤنڈر ہیں۔


 
پاکستان کے پاس تمام تر وسائل موجود ہیں،کمبی نیشن کنڈیشنز کو دیکھ کر بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہماری تیاریوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا، ووسٹر شائر میں بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، اگلے تین ہفتے بھرپور محنت کرتے ہوئے تیاریاں مکمل کر لیں گے،انٹر اسکواڈ پریکٹس میچز کا بڑا فائدہ ہے، کاؤنٹیز کے ساتھ وارم مقابلوں میں بیشتر فرسٹ کلاس کرکٹرز کا سامنا ہوتا، ہمارے منتخب تمام کھلاڑی ورلڈ کلاس اور پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے کے امیدوار ہیں۔

مقابلے کی فضا میں اچھی کرکٹ کھیلی جا رہی ہے اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔  ایک سوال پر انھوں نے کہ میں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، اوپنر کی سنچری ٹیم کو اچھے ٹوٹل کی بنیاد فراہم کرتی ہے، میں چاہتا ہوں کہ اچھا آغاز فراہم کروں۔ شان مسعود نے کہا کہ یونس خان کی موجودگی کا پوری ٹیم کے ماحول پر اچھا اثر پڑا،ان سے ہر بیٹسمین کو کچھ نہ کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، سابق کپتان نے ٹیل اینڈرز کی بیٹنگ بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا۔