ڈالر اور سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

کراچی (ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)پاکستان میں ڈالر اور سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کی قدر 96 پیسے اضافے سے 168 روپے 30 پیسے رہی جو پاکستان میں اب تک ڈالر کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔انٹربینک تبادلہ مارکیٹ کےاثرات اوپن مارکیٹ میں بھی مرتب ہوئے ہی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 20 پیسے مہنگا ہوکر 168 روپے 80 پیسے ہوگیا ہے۔ادھر سونے کی فی تولہ قیمت 1600روپے کے اضافے سے ایک لاکھ11ہزار250روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 7ڈالر کے اضافے سے1813ڈالر فی اونس ہوگئی‘ دوسری جانب پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی اضافہ ہوا جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 1600روپے کے اضافے سے1لاکھ 11ہزار250روپے ہوگئی جب کہ 10گرام سونے کی قیمت 1371روپے کے اضافے سے 95ہزار379روپے ہوگئی ۔چاندی کی فی تولہ قیمت 943.07روپے مستحکم رہی۔