کورونا وبا؛ پاکستان میں فعال کیسز کی تعداد گھٹ کر 50 ہزار کی سطح پر آگئی

 پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور اب ملک بھر میں اس وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد گھٹ کر 50 ہزار کی سطح پر آگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 22 ہزار 408 ٹیسٹ کئے گئے۔ سندھ میں 10 ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے گئے۔ پنجاب میں 7085، خیبر پختونخوا میں 2108 ، اسلام آباد میں 2355، بلوچستان میں 231 ، گلگت بلتستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 467 ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 17 لاکھ 99 ہزار 290 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


 
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 763 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی اس طرح ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 190 ہوئی ہے۔ جن میں سے 2 لاکھ 13 ہزار 175 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد گھٹ کر 50 ہزار307 ہوگئی ہے۔

سندھ میں مصدقہ کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 213 ہوگئی ہے، پنجاب میں 91 ہزار 129 ، خیبرپختونخوا میں 32 ہزار 753 ، بلوچستان میں 11 ہزار 517، اسلام آباد میں 14 ہزار 722، آزاد جموں و کشمیر میں ایک ہزار 961 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 896 مصدقہ مریض ہیں۔


 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا سے 32 افراد کا انتقال ہوا ہے جس کے بعد اس وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 5709 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں 2 ہزار 100، سندھ میں 2 ہزار 60، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 158، اسلام آباد میں 162، بلوچستان میں 136، آزاد کشمیر میں 48 اور گلگت بلتستان میں 45 افراد کورونا کے ہاتھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ ایک ہزار 382 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔