پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 936 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے مزید 23 مریض دم توڑ گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 936 کورونا کیسز سامنے آئے، ملک میں کورونا کےفعال کیسز کی تعداد 26 ہزار 924 ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق ملک میں تاحال 2 لاکھ 75 ہزار 225 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کورونا کے 2 لاکھ 42 ہزار 436 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں تاحالایک لاکھ 18 ہزار 824 کورونا کیس سامنے آچکے ہیں، پنجاب میں 92 ہزار 279، خیبرپختونخوا میں 33 ہزار 510، اسلام آباد میں 14 ہزار 938 ، گلگت بلتستان میں 2010 کورونا کیس، آزادکشمیر 2040 اور بلوچستان میں تاحال کورونا کے 11 ہزار 624 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید 23 مریض دم توڑ گئے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے تاحال مجموعی طور پر 5 ہزار 865 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا کے 2 ہزار 162 پنجاب میں 2 ہزار 125، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 180، اسلام آباد میں 165، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 48 مریض اور آزادکشمیر میں تاحال کورونا وائرس سے 49 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 19 ہزار 610 ٹیسٹ کئے گئے، ملک بھر کے 734 اسپتالوں میں کورونا کےایک ہزار 943 مریض زیرعلاج ہیں، جب کہ ملک بھر میں کورونا مریضوں کیلئے ایک ہزار 859 وینٹی لیٹرز مختص ہیں، جب کہ ملک بھر میں کورونا کے 233 مریض وینٹی لیٹر پر زیرعلاج ہیں اس کے علاوہ ملک بھر میں تاحال 19 لاکھ 9 ہزار 846 کورونا ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔