مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، نئی متبادل توانائی پالیسی متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد (این این آئی)مشترکہ مفادات کونسل میں تمام وزرا ئے اعلیٰ نے نئی متبادل توانائی پالیسی متفقہ طور پر منظور کر لی۔ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اوگرا ترمیمی آرڈیننس پر غور کیا گیا ۔ اعلامیہ کے مطابق کونسل نے وزارت پٹرولیم کو صوبوں سے مشاورت کے بعد آرڈیننس پر کام مکمل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ۔
 اعلامیہ کے مطابق چشمہ بیراج کا کے زیریں پورشن کا کنٹرول حوالے کرنے سے متعلق پنجاب حکومت کی درخواست پر غور کیا گیا ۔


 مشترکہ مفادات کونسل نے پنجاب حکومت کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے معاملے پر کمیٹی تشکیل دی ،کمیٹی میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نمائندے شامل ہوں گے ،کمیٹی چشمہ بیراج کے لوور پورشن کا کنٹرول وزارت آبی وسائل سے لے کر پنجاب حکومت کو دینے کے معاملے کو حتمی شکل دے گی،


سی سی آئی نے نیشنل ایجوکیشن کمیشن اور ہیومن ڈیولپمنٹ اینڈ بیسک کمیونٹی سکولوں کے مستقبل میں کردار کا جائزہ لیا ،کونسل نے وزارت تعلیم سے معاملات صوبوں کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی۔ 


وفاقی وزیر عمر ایوب نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل میں تمام وزرا ئے اعلیٰ نے نئی متبادل توانائی پالیسی متفقہ طور پر منظور کر لی،فیصلے سے پاور سیکٹر میں ایک نیا انقلاب پربا ہونے والاہے۔