کلبھوشن کیس، پاکستان کا بھارت سے رابطہ،وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش

 اسلام آباد(آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہندوستانی جاسوس کلبھوشن کے معاملے پر ہندوستان سے دوبارہ رابطہ کیا ہے اور ہندوستان کو کلبھوشن یادیو کیس میں وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش بھی کی گئی ہے، او آئی سی کشمیر پر اپنا قائدانہ کردار ادا کرے

 

جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو کلبھوشن یادیو کیس میں وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش بھی کی گئی ہے رابطہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا اور ہندوستانی جاسوس کو وکیل کرنے کی دوبارہ پیشکش کی ہے۔ مراسلہ ارسال کردیا ہے ‘پاکستان کو اس معاملے میں ہندوستان کے جواب کا انتظار ہے۔

 

اوآئی سی نے تسلسل سے جموں و کشمیر کے مسئلے کی حمایت کی ہے پانچ اگست 2019 سے پاکستان نے کشمیر پر او آئی سی کے ساتھ تین اجلاس کئے او آئی سی نے کشمیر پر مضبوط بیانات دیئے اور پاکستانی عوام کو او آئی سی سے مزید توقعات ہیں ہم چاہتے ہیں کہ او آئی سی کشمیر پر اپنا قائدانہ کردار ادا کرے اور سعودی عرب سے ہمارے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی نقشے کے اجراءپر اراکین پارلیمان کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام بیروت دھماکے میں انسانی جانوں کے نقصان پر تعزیت کرتی ہے، بیروت دھماکوں میں ایک پاکستانی خاندان بری طرح متاثر ہوا، یہ خاندان بری طرح زخمی ہوا اور ایک بچہ شہید ہو گیا، اس خاندان کے والد اور ایک ہمشیرہ ہسپتال میں تشویش ناک حالت میں ہیں جبکہ لبنان میں ایک اور پاکستانی خاندان بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاک افغان بارڈر پرسرحد پار سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی حملے کا جواب دینے کیلئے پرعزم ہے اور ہم دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے بتایا کہ افغان آرمی کو بن شاہی میں بارڈر میٹنگ کا کہا گیا تھا۔ دونوں ملکوں کو بہترین تعاون اور کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔