لندن۔ہمارے شفاخانوں میں پہلے سے موجود ایک دوا بعض اقسام کے سانپوں کے کاٹنے میں بھی شفا فراہم کرسکتی ہے۔ بھاری دھاتوں سے زہرخورانی (پوائزننگ) کا علاج کرنے والی ایک دوا انتہائی زہریلے سانپوں کے کاٹنے کا علاج کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ ایشیا اور افریقہ میں عام پائی جانے والے ساسکیلڈ اور کارپٹ وائپر کے زہر کو اس دوا سے علاج کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ دونوں اقسام کے سانپ ایسے علاقوں میں پائے جاتے ہیں جہاں لوگوں کو اچھے ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں۔
اس ضمن میں نائیجیریاکی بایئرو یونیورسٹی یں انفیکشن اور منطقہ حارہ امراض کے ماہر عبدالرزاق حبیب کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں سانپوں کے کاٹنے کے بہت زیادہ واقعات ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق ساسکیلڈ اور کارپٹ وائپر کاٹتے ہیں تو اس سے اطراف کی بافتیں متاثر ہوتی ہیں اور بسااوقات ہاتھ یا پیر بھی کاٹنے پڑتے ہیں۔ یہ تحقیق لیورپول سکول آف ٹرایپکل میڈیسن (ایل ایس ٹی ایم) کے پروفیسر لارا البلیسکو نے کی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ہماری تحقیق سے سانپ کے زہر کا علاج کھائی جانے والی دوا سے کیا جاسکتا ہے اور بھاری دھاتوں کی زہرخورانی سے بچانے والی ایک دوا اس صورتحال میں مددگار ہوسکتی ہے۔ تجربہ گاہوں میں سائنسدانوں نے بھاری دھاتوں کا علاج کرنے والی تین ادویہ کو غور سے دیکھا اور انہوں نے کئی طرح کے زہر پر آزمایا۔ اس کے بعد چوہوں کو مختلف سانپوں کے زہر کی جان لیوا حد کا ٹیکہ لگایا گیا۔
ایک دوا سے چوہا 15 منٹ اور بعض چوہے ایک گھنٹے تک زندہ رہے۔ دوسری صورت میں ان کی موت یقینی تھی اور اس سے معلوم ہوا کہ ہنگامی حالت کی صورت میں ان ادویہ سے مریض کیلئے وقت مل سکتا ہے اور اسے ہسپتال تک لے جانے کی مہلت مل جاتی ہے۔ واضح رہے کہ چوہوں کو سانپوں کا انتہائی تیز زہر دیا گیا تھا لیکن دوا نے فوری موت کے عمل کو ایک گھنٹے تک ٹالے رکھا۔ اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ ہماری پاس موجود بعض ادویہ کھانے سے سانپوں کے زہر کے اثر اور موت کو کچھ عرصے کیلئے ٹالا جاسکتا ہے۔