پشاور۔مغربی آسٹریلیا میں ایک ہمپ بیک وہیل مچھلی نے ایک خاتون کو زخمی کر دیا ہے‘ گزشتہ ایک ہفتے میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے‘ مذکورہ خاتون گزشتہ روز ننگالو ریف میں سنورکلنگ یعنی زیر سمندر تیراکی کر رہی تھیں۔ اس سے چند روز قبل ہی ایک اور آسٹریلوی خاتون جب اسی ریف میں تیر رہی تھیں تو انھیں ایک وہیل نے زخمی کیا اور ان کی پسلیاں ٹوٹ گئیں تھی اور ان کے جسم میں اندرونی طور پر خون بہنا شروع ہو گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان دونوں واقعات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پہلے واقعے میں سنیچر کو 29 سالہ خاتون دو ہمپ بیک وہیل مچھلیوں کے درمیان پھنس گئی تھیں۔ یہ مچھلیاں 19 میٹر یعنی 62 فٹ تک لمبی ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور خاتون کا ہیمسٹرنگ پٹھہ اس وقت زخمی ہوا جب انھیں ایک وہیل مچھلی کا فِن لگ گیا تھا۔
تازہ ترین واقعے میں تیس سالہ الیشیا رامزے کا کہنا ہے کہ وہ ریف کے قریب سنورکلنگ کر رہی تھیں جب ایک ہمپ بیک وہیل اور اس کا بچہ ان کے قریب آئے۔ بچے نے شاید ہمیں دیکھنا چاہا اور ہم اس کے اور اس کی ماں کے درمیان آ گئے تھے۔ اس کی ماں شاید حفاظتی سوچ میں پڑ گئی اور گھوم گئی۔ ایسا کرنے میں جہاں وہ ہمارے اور اپنے بچے کے درمیان آنے کی کوشش کر رہی تھی اس کا ایک فن باہر نکلا اور مجھے آ لگا۔ الیشیا رمزے کو رائل پرتھ ہسپتال فضائی ایمبولنس سے لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انھیں قدرے کم چوٹیں آئیں اور وہ جلد ہی صحت یاب ہو جائیں گی۔