اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل ٹومر بار نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں کے دوران اسے نہ روکنے کا اعتراف کرلیا۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل ٹومر بار نے اعتراف کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کی صبح اسرائیلی فضائیہ ’’کافی مؤثر‘‘ نہیں رہی۔
انہوں نے 7 اکتوبر کے حملے میں ہونے والی ناکامیوں کی تحقیقات کے دوران کہا کہ 7 اکتوبر کی صبح ہمارے لیے ایک مکمل حیرت کے ساتھ شروع ہوئی۔
اسرائیلی فضائی کے سربراہ نے مزید کہا کہ حماس کے حملوں کا ہم نے فوراً جواب دیا، ان کے ساتھ لڑائی بھی کی اور اپنے لوگوں کو بچانے کی کوشش کی، مگر بدقسمتی سے، ہم اس دن کافی مؤثر ثابت نہیں ہو سکے۔
اسرائیلی چینل 12 نے اسرائیلی فضائیہ کی تحقیقات کے ممکنہ نتائج شائع کیے ہیں۔ جس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ حملے کی تیاری میں ناکام رہی اور اس کا ردعمل مؤثر نہیں تھا۔
رپورٹ کے جواب میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کی تحقیقات 7 اکتوبر کی تحقیقات کا حصہ ہیں اور مکمل ہونے پر عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اہم نتائج فوج کے سینئر کمانڈ کو پیش کیے گئے ہیں، جو جنرل اسٹاف کی تحقیقات کے لیے بنیاد فراہم کرتے ہیں، جو ابھی مکمل نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر 7 اکتوبر 2023 کو حملہ کیا گیا تھا، اس حملے کو حماس نے ’طوفان الاقصٰی‘ کا نام دیا تھا۔
7 اکتوبر 2023 کی صبح، حماس کی قیادت میں عسکریت پسندوں نے غزہ سے اسرائیل کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا۔ یہ حملہ اسرائیل کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا تھا۔