لاہور۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے بعد اب دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد اب دنیا بھر میں آہستہ آہستہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں،پاکستانی کرکٹ ٹیم دسمبر میں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران دو ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ انگلینڈ کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا تاہم اس وقت پی سی بی کی جانب سے دورے کی تصدیق کر دی گئی ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی کنفرم کر دیا گیاہے۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم کیلئے کورونا ٹیسٹ اور آئیسولیشن کے انتظامات کیے جائیں گے، نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کو آئیسولیشن میں رہنا ہو گا۔
نیوزی لینڈ میں کوروناوائرس کا پہلا کیس رواں برس فروری میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے ملک میں کورونا وائرس کے 1154 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ میں وائرس کا شکار ہونے والے 22 افراد ہلاک بھی ہوئے۔ وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں موجود کورونا کے تمام مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور گزشتہ 100 روز سے ملک میں وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے دور پر ہے جہاں پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔