واشنگٹن۔ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پابندیاں ختم کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔
ایک میڈیارپورٹ کے مطابق گذشتہ دنوں مسلم فار بائیڈن پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ ورچوئل فنڈ ریزنگ کے شرکا سے گفتگو میں جو بائیڈن نے کشمیر میں بھارتی اقدامات کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا۔
امریکا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور نسلی امتیاز کا اعتراف کرتے ہوئے بائیڈن نے یقین دلایا کہ ان کی انتظامیہ میں مسلمانوں کو ہر شعبے میں نمائندگی ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور صدر میں مسلمانوں سے ہر معاملے میں رائے لوں گا اور ان نسل پرست پالیسیوں کو ختم کروں گا جو ڈونلڈ ٹرمپ نے اول روز سے مسلمانوں پر لگا رکھی ہیں۔
جوبائیڈن نے برائی کو روکنے سے متعلق رسول اکرم ﷺکی حدیث اگر تم میں سے کوئی برائی دیکھے تو اس کو ہاتھ سے روکے، اگر ایسا نہ کر سکے تو اپنی زبان سے روکے اور جو یہ بھی نہ کر سکتا ہو وہ اسے دل میں برا کہے' بھی سنائی اور اسلام سے متعلق گہری معلومات کا اظہار کیا۔فنڈ ریزنگ میں جو بائیڈن کی مہم کیلئے 13 لاکھ امریکی ڈالر اکٹھے کیے گئے۔