سرفراز احمد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوکر محدود اوورز کے میچز پر توجہ دیں، رمیز راجہ

کراچی۔سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرہوکر صرف محدود اوورز کے میچزپر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیدیا۔ ایک انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہاکہ مجھے مستقبل قریب میں سرفراز کو ٹیسٹ ٹیم میں موقع ملتا ہوا دکھائی نہیں دیتا، ویسے بھی ان کی اسکواڈ میں موجود محمد رضوان پر دباؤ بڑھا رہی ہے۔
 
میں سمجھتا ہوں کہ انھیں ٹیسٹ میچز میں بینچ پر بھی نہیں بیٹھنا چاہیے۔سرفراز ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیتے ہوئے سفید بال کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں جس میں وہ بہتر ہیں۔

پہلے ٹیسٹ میں سرفراز کے ساتھی پلیئرز کو پانی پلانے اور جوتے لے جانے کے حوالے سے رمیز نے کہاکہ اس میں کچھ غلط نہیں، ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ میں جب جیمز اینڈرسن نہیں کھیلے تو وہ بھی ساتھی کھلاڑیوں کو پانی پلاتے ہوئے دکھائی دیے، مگر پاکستانی کرکٹ کلچر میں ایسی چیزوں کو اچھا نہیں سمجھا جاتا،خاص طور پر جب کوئی سابق کپتان ہو۔