انگلینڈ سے دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کو مشکلات، صرف126رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی 

 

ساؤتھمپٹن۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شدید مشکلات کا سامنا ہے جہاں ٹیم کے 5 بلے باز صرف 126 رنز پر آؤٹ ہوچکے ہیں، بارش کی وجہ سے پہلے روز کے کھیل کا وقت سے قبل اختتام ہوا ہے۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے شان مسعود مایہ ناز انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

اس کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے کپتان اظہر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔اس دوران عابد علی دو مرتبہ خوش قسمت بھی رہے جب گیند ان کے بلے کا باہری کنارہ لینے کے بعد سلپ میں گئی لیکن فیلڈر کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

خیال رہے کہ کہ بارش کے باعث چائے کا وقفہ، وقت سے پہلے لیا گیا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنائے تھے۔
دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 78 رنز تک پہنچایا تاہم اظہر 20 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کو وکٹ دے بیٹھے تاہم عابد علی اور بابراعظم نے ٹیم کی سنچری مکمل کی۔ 

عابد علی 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا سکور 102 رنز تھا جس کے بعد اسد شفیق ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 5 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم میں 11 سال کے طویل عرصیبعد واپسی کرنے والے فواد عالم کو اس وقت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب وہ کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے جبکہ انہیں کھاتہ کھولنے کی مہلت بھی نہیں دی گئی۔


پاکستان نے 5 وکٹوں پر 126 رنز بنائے ہیں، بابراعظم وکٹ پر موجود ہیں اورمحمد رضوان ان کا ساتھ دے رہے ہیں اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

 اظہر علی نے کہا کہ اس وکٹ پر مانچسٹر کے مقابلے میں زیادہ گھاس ہے لیکن وکٹ اندر سے خشک ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم اچھا اسکور کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اظہر علی نے کہا کہ اس وکٹ پر ایک سپنر کافی ہے اور ہم اپنی بیٹنگ کو مضبوط کرنا چاہتے تھے اس لیے ہم نے فواد عالم کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ 

 

فواد عالم 11 سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں جہاں انہوں نے آخری مرتبہ 2009ء  میں ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ نے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کی جگہ زیک کرالی اور سیم کرن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

 میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں اظہر علی(کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ شامل ہیں جبکہ برطانوی ٹیم جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، رورے برنز، زیک کرالی، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، سیم کیرن، سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن پر مشتمل ہے۔