انگین التان پاکستان میں قیام کے دوران مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے
ترک اداکارانگین التان پاکستان پہنچ گئے۔انہوں نے اپنے وڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ وہ 18اگست کو تین بیمار بچوں کی خواہش پر پاکستان آئیں گے۔جنہوں نے ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔اور اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کے پسندیدہ اداکار انگین التان یعنی کہ ارطغرل غازی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔انگین التان پاکستان کا یہ دورہ اس لحاظ سے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر خلافت عثمانیہ کی جدو جہد کی تاریخ پر مبنی اس ڈرامے کو اردو ڈبنگ کے ساتھ پی ٹی وی پر نشر کیا گیا۔انگین التان کے دورے سے پاکستان اور ترکی کے ثقافتی تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہو گی جب کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے مابین مشترکہ پرڈکشنز کے حامل معیاری ڈرامے اور فلمیں بنانے کے مواقع پیدا ہو سکیں گے۔
دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے ترک اداکار انگین التان دوزیاتن نے کہاہے کہ ڈراما ’’ارطغرل‘‘دنیا بھر میں اتنی کامیابی حاصل کرلے گا انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا۔ترک سپہ سالار ارطغرل غازی کی زندگی پر مبنی ڈراما ’’دیریلش ارطغرل‘‘نے ریلیز ہونے کے بعد ترکی میں تو کامیابی حاصل کی اور نیٹ فلکس کے ذریعے یہ سیریز دنیا بھر میں مقبول ہوئی تاہم جب سے ’’دیریلش ارطغرل‘‘پاکستان میں ریلیز ہونا شروع ہوا ہے اس ڈرامے نے کامیابی کے سارے ریکارڈز توڑ دئیے ہیں۔
ڈراما سیریل ’’دیریلش ارطغرل‘‘کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اردو میں ڈب کرکے ’’ارطغرل غازی‘‘کے نام سے نشر کیا جارہا ہے اور پاکستانیوں کی اس ڈرامے سے محبت کے چرچے دنیا بھر میں پھیل گئے ہیں۔ حال ہی میں ڈرامے کے ہیرو انجن التان دوزیاتن جنہوں نے ارطغرل غازی کا کردار ادا کیا ہے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب ہم ڈرامے کی شوٹنگ کررہے تھے تو ہمیں شروع میں معلوم تھا کہ یہ ایک یادگار سیریز ہوگی البتہ اس سیریز کو اتنی غیر معمولی کامیابی ملے گی یہ نہیں سوچا تھا۔
لیکن ہم بہت خوش ہیں کہ ’’ارطغرل‘‘کو اتنا زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔اس سیریز کے بعد ترکی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جو کہ بہت اچھی خبر ہے۔انجن التان نے کہا مجھے لگتا ہے کہ پاکستانی اور ترکش عوام دونوں ہی اچھی طرح سے تیار کی گئی کہانیاں پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ارطغرل غازی کی سوچ، ان کی زندگی کا مقصد، طاقت اور ان کے اصولوں نے بہت متاثر کیا۔ وہ قابل ستائش شخص تھے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے ٹی وی پر ارطغرل غازی کی زندگی کو پیش کیا۔