بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5پر موجود دنیا کے واحدکرکٹر بن گئے

لاہور۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کردی۔

 ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی کرکٹرز کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، بیٹنگ میں بابراعظم کی کیریئر بیسٹ پانچویں پوزیشن پر واپسی ہوئی ہے جبکہ بولنگ میں محمد عباس دو درجہ بہتری کے بعد آٹھویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جو بیک وقت تینوں طرز کی کرکٹ میں ٹاپ 5 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

بابر اعظم ٹیسٹ میں 5 ویں، ون ڈے میں تیسرے اور ٹی ٹوئنٹی میں پہلے نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ بیٹسمینوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، دوسرے پر بھارت کے ویرات کوہلی جبکہ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے مارنوس لبوشانجے موجود ہیں۔

بولرز پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان کے محمد عباس دسویں سے آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز  بدستور  پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

دوسرے نمبر پر انگلش فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ جبکہ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے نیل ویگنر موجود ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان 153 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبرپر ہے جبکہ انگلینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔