خون کی کمی اینیمیا ایک ایسی کیفیت ہے جو کسی بھی عمر کے افراد (خاص طور پر خواتین) کو زیادہ لاحق ہوسکتی ہے۔ اس کیفیت میں خون میں سرخ خلیوں کے بننے کی رفتار کم ہوجاتی ہے۔ ہیموگلوبن سرخ خلیوں کا سب سے اہم حصہ قراردیا جاتا ہے اور یہ حصہ پھیپھڑوں سے آکسیجن لے کر جسم کے باقی حصوں تک پہنچاتا ہے۔
اس لئے اگر انسان کے جسم میںریڈ سیلز یا ہیموگلوبن کی کمی واقع ہوجائے تو پھیپھڑوں سے لی گئی آکسیجن جسم کے باقی حصوں تک نہیں پہنچ پاتی، جس کے باعث کام کرنے میں دشواری ،تھکاوٹ، کمزوری کا ہونا، سانس لینے میں تکلیف اورہاتھ پاؤں ٹھنڈے پڑجانا جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔
آئرن سرخ خلیات کے لیے اہم کردار ادا کرنے والا جز ہے،،اگر آئرن سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کیا جائے تو انیمیا کی کمی پوری کی جاسکتی ہے ۔ کلیجی ، انار ، تربوز ،چقند ر ، پالک اور ہری سبزیاں وہ غذاییں ہیں جن کے ذریعے باآسانی جسم میں خون کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔
انار تربوز اور چقندر خون کے سرخ خلیوں یا ہیموگلوبن کا لیول بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اسی طرح ہری بھری سبزیاں جہاں دکھنے میں آنکھوں کو تازگی بخشتی ہیں وہیں ان کا استعمال جسم میں خون کی کمی پوری کرنے کا باعث بنتی ہیں۔
ماہرین پالک کوفوری خون بنانے والی سبزیوں میں شامل کرتے ہیں۔ آپ اسے اپنی خوراک کا حصہ بنانے کے لئے سلاد میں شامل کرسکتے ہیں۔ روزانہ ایک پلیٹ ہری سبزیوں کا سلاد کھانے سے خون کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔