غیر قانونی طور پر جرمنی میں گھسنے والے پاکستانی افراد کو گرفتار کر کے انہیں اجتماعی طور پر ملک بدر کر دیا گیا

جرمنی سے درجنوں پاکستانیوں کو اجتماعی طور پر ملک بدر کر دیا گیا۔ جرمنی سے 30 سے زائد پاکستانی شہریوں کو لے کر آنے والا طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا، ایف آئی اے نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیر قانونی طور پر جرمنی میں گھسنے والے پاکستانی افراد کو گرفتار کر کے انہیں اجتماعی طور پر ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق جرمنی سے ایک بار پھر درجنوں پاکستانی تارکین وطن کو اجتماعی طور پر ملک بدر کر دیا گیا ہے جس کی تصدیق جرمنی کی وفاقی پولیس نے بھی کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار 33 پاکستانی شہریوں کو لے کر جانے والی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ جرمن طیارے پاکستان میں لینڈ کرنے کے بعد پاکستانی حکام نے بتایا کہ جرمنی کی جانب سے گرفتار کیے گئے تمام افراد مرد ہیں، ان میں کوئی عورت شامل نہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں یہ خبریں گردش میں تھیں کہ جرمنی نے مہلک وباء کورونا کے باعث غیر ملکیوں کی ملک بدری کا سلسلہ روک دیا ہے تاہم اب یہ دوبارہ سے شروع ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی جرمن حکام بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو ملک بدر کر چکے ہیں۔