افغانستان کے شہر غزنی میں خونریز جھڑپوں کے بعد افغان فورسز طالبان کے محاصرے میں آ گئی ہیں۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق صوبہ غزنی کی صوبائی کونسل کی رکن فاطمه رحیمی کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز طالبان نے غزنی کے آرزو علاقے پر حملہ کر کے سرکاری فورسز کا محاصرہ کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مزید فورسز آرزو کے علاقے میں نہ پہنچیں تو اس علاقے پر طالبان کا قبضہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ غزنی پر طالبان کے حملے میں 30 طالبان ہلاک ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ یہ خونریز جھڑپیں ایسے وقت میں جاری ہیں کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ملک میں جنگ کے خاتمے کو لے کر براہ راست مذاکرات پر اتفاق ہو چکا ہے۔