یمنی فوج اور عرب اتحاد کے مشترکہ آپریشن میں 60 حوثی باغی ہلاک

صنعائ۔یمن کے ایک فوجی عہدیدار نے بتایاہے کی سرکاری فوج اور اس کی معاون عرب اتحادی فوج نے گذشتہ دو روز کے دوران ملک کے وسط میں البیضا گورنری میں واقع قانیہ کے محاذ پر جاری آپریشن میں کم سے کم 60 حوثی باغیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

 کارروائی میں درجنوں باغی زخمی ہوئے جب کی متعدد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آپریشن میں ایرانی حمایت یافتہ باغیوں کو بھاری مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق البیضا محاذ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عبد الربیع الاصبحی نے تصدیق کی کہ حوثی باغی گورنری کے شمال میں واقع قانیہ کے مقام پر پہاڑوں میں ایک مہلک جال میں پھنس گئے۔

اس کارروائی میں درجنوں حوثی ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ آپریشن میں یمنی فوجی دستوں کے ساتھ عرب اتحاد کے طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

بریگیڈیئر جنرل الاصبحی نے یمنی مسلح افواج کے میڈیا سنٹر سے شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ قومی فوج اور مزاحمتی دستوں نے حوثی باغیوں کو ختم کرنے کے لیے گذشتہ ادوار کے دوران قانیہ کے محاذ پر متعدد فوجی کاروائیاں کیں۔

 ان کارروائیوں میں بھی دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج کے ہیروز کے زمینی اور اتحادی فوج کےفضائی حملوں صرف دو دن کے دوران حوثیوں کے 60 جنگجو اور درجنوں درجنوں زخمی ہوئے ۔