تنقید کرنے والوں کو پی سی بی میں نوکریاں دی جارہی ہیں، مدثر نذر


مانچسٹر۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ جو ٹی وی پر بول رہے تھے انکو نوکریاں دے دی گئی ہیں اور اب جن کو فارغ کیا ہے وہ بولنا شروع ہوجائیں گے۔

 پی سی بی اکیڈمیز اور گیم ڈویلپمنٹ کے 64 سالہ سابق ڈائریکٹر مدثر نذر نے بورڈحکام کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی پالیسیاں سمجھ سے باہر ہیں، بہتری کے بجائے معاملات خراب کیے جارہے ہیں

، ہم نے جب ان کوچز کو لینے کی بات کی تھی تو اس وقت چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے سخت مخالفت کی تھی، اب ان میں سے ہی لوگوں کو رکھ لیا ہے،

 مدثر نذر نے کہا کہ سنٹرل پنجاب چیمپئن ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز جونیئر کو فارغ کرنے کے فیصلے کو بہت غلط قرا ر دیتے ہوئے کہا کہ اعجاز جونیئر کو نہ لینے کا بہت دکھ ہے، ایک تجربہ کار اور لیول 3 چیمپئن ٹیم کے کوچ کو کیسے سسٹم سے باہر کیا جاسکتا ہے

 اس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ تمام فیصلے نیک نیتی سے نہیں کیے گئے، ذاتی پسند و ناپسند بھی اس میں شامل ہے، جو ٹی وی پر بول رہے تھے انکو نوکریاں دیدی گئی ہیں، اب جن کو فارغ کیا ہے وہ بولنا شروع ہوجائیں گے۔

مانچسٹر میں مقیم سابق کرکٹر نے نئے آنے والوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کچھ کردار ادا کرسکیں،

 مدثر نذر نے کہا کہ کوچ ایجوکیشن نظام کو تباہ کرکے رکھ دیا گیا ہے، مصباح، یونس، یوسف اور دوسرے تمام کرکٹرز کوچنگ کورس کی افادیت کو تسلیم کرکے کوچنگ کورس میں دلچسپی لینا شروع ہوگئے تھے، کوچ ایجوکیشن پروگرام کے لیے بہت محنت کی تھی، دوسرے ممالک سے لوگ اکیڈمی میں کوچنگ کورس کرنے کیلئے آرہے تھے۔