چین،سعودی عرب نیوکلیئر تعاون پر امریکی و اسرائیلی خدشات مسترد

 

بیجنگ۔سعودی عرب اور چین کے درمیان نیو کلیئر تعاون کے معاملے پر چینی وزارت خارجہ نے امریکی و اسرائیلی خدشات کو غیر ضروری قرار دے دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور سعودی عرب کے درمیان ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے اور حالیہ برسوں میں مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کے نتائج کے ساتھ باہمی تعلقات میں مستحکم تیزی آئی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین کا سعودی عرب سے توانائی کے شعبے میں بھی دو طرفہ مخصوص تعاون ہے اور چین ذمہ دارانہ رویہ کے ساتھ دنیا میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔

 ترجمان نے مزید کہا کہ چین جوہری عدم پھیلاو میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو جاری رکھے گا اور باہمی احترام اور مشترکہ فوائد کی بنیاد پر دوسرے ممالک کے ساتھ جوہری توانائی کے پرامن استعمال میں تعاون کو آگے بڑھائے گا۔

امریکا کے 6 سینیٹرز نے صدر ٹرمپ کو 19 اگست کو ایک خط لکھ کر سعودی عرب کے چین کی مدد سے جاری نیوکلیئر اور  بلیسٹک میزائل پروگرام پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔