ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم ساوتھمپٹن ٹیسٹ میں شکست سے بچنے کے لیے کسی معجزے کے منتظر ہیں۔
پریس کانفرنس میں فواد عالم نے تسلیم کیا کہ تین وکٹیں گرنے سے ٹیم پریشر میں آچکی ہے، اوپر سے حریف ٹیم نے سکور بورڈ پر بڑا مجموعہ لگارکھا ہے لیکن یہ نہیں کہنا چاہیے کہ پاکستان یہ ٹیسٹ بھی ہار جائے گا، کھیل میں کچھ بھی ممکن ہوسکتا ہے، ابھی تین دن باقی ہیں۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ ملنے والے ایک موقع میں رنز نہیں کرپایا، جس کی وجہ سے بیٹنگ کے دوران دباو ضرور ہوگا، پوری کوشش ہوگی کہ وکٹ پر زیادہ سے زیادہ دیر رک کر ٹیم کی پوزیشن اچھی بنانے میں کردار ادا کروں، اچھی اننگز سے ہی پریشر کم کرنے میں مدد ملے گی، ہمارے بولرز نے کافی محنت سے بولنگ کی، رنز بھی پڑے لیکن بعض دفعہ اچھی گیندوں پر بھی وکٹ نہیں ملے، حریف بلے باز کئی بار آوٹ ہونے سے بال بال بچے،بولنگ کا موقع ملنے پر اللہ نے عزت دی ہے جس پر س کا جتنا شکر ادا کروں، کم ہے، مشکل وقت میں مصباح الحق سمیت پوری ٹیم منیجمنٹ سب لڑکوں کا حوصلہ بڑھارہی ہے، ہر بندے کی کوشش ہےکہ پرفارمنس کا گراف بہتر ہو۔
فواد عالم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم ساوتھمپٹن ٹیسٹ میں بیک فٹ پر ضرور موجود ہے لیکن میچ ابھی ہاتھ سے نکلا نہیں، ایک دو اچھی اننگز سے پوزیشن مستحکم ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔