ایشین بریڈ مین ظہیر عباس آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیرعباس کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی نے جس تاریخ یعنی 23 اگست کو یہ اعلان کیا ہے اسی روز یعنی 23 اگست 1974 کو ظہیرعباس نے انگلینڈ کے خلاف اوول کے میدان میں 240 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

آئی سی سی ان کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں شامل کرتی ہے جنہوں نے کرکٹ کے میدان میں نمایاں کارکردگی اور گراں قدر خدمات انجام دی ہوں۔

ظہیر عباس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے جیککیلس اور آسٹریلوی خاتون کرکٹر لیزا اسٹالکر کو بھی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے


ہال آف فیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے لیے آئی سی سی نے اپنے اراکین اور سینئر صحافیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔

73سالہ ظہیرعباس یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ ان سے قبل 2009 میں حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم جبکہ 2013 میں وقاریونس ہال آف فیم میں شامل کیے گئے تھے۔

آئی سی سی ابتک ان چھ پاکستانی کرکٹرز کے علاوہ انگلینڈ کے28، آسٹریلیا کے 27، ویسٹ انڈیز کے18، بھارت کے چھ، جنوبی افریقہ کے چار، نیوزی لینڈ کے تین اور سری لنکا کے ایک کھلاڑی کو ہال آف فیم میں شامل کرچکی ہے۔