لنکا پریمیئرلیگ میں پاکستان سے بھی ایک ٹیم کی شرکت کا امکان روشن ہوگیا، بات چیت فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی اور جلد اعلان متوقع ہے، ایونٹ کا انعقاد نومبرسے دسمبر کے دوران مناسب ونڈو دیکھ کر کیا جائے گا، منتظمین نے آئیکون کرکٹرز کی ابتدائی فہرست میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اورمحمد حفیظ کو بھی شامل کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کافی عرصے سے اپنی ٹی20لیگ کرانا چاہتا ہے مگرکورونا وائرس کے سبب ایونٹ کی تاریخیں بار بار تبدیل ہوچکی ہیں، اب نومبر اور دسمبر میں مناسب ونڈو دیکھ کرانعقاد کیا جائے گا، اس میں 5 ٹیمیں دمبولا ہاکس،گال ڈولفنز، جافناکوبراز،کولمبو لائنز اور کینڈی ٹسکرز کے نام سے شریک ہوں گی، مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جائیں گے، ہرفرنچائز کو کم از کم 8اور زیادہ سے زیادہ10میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایونٹ میں پاکستان سے بھی ایک ٹیم شامل ہو گی، اس حوالے سے ابتدائی بات چیت مکمل ہو چکی اور جلد معاہدہ ممکن ہے، ٹیم کے ممکنہ اونر کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
منتظمین نے شاہد آفریدی،محمد حفیظ،شعیب ملک، اے بی ڈی ویلیئرز،ایون مورگن، یوراج سنگھ، سنیل نارائن، لسیتھ مالنگا، انجیلو میتھیوز،عرفان پٹھان، کرس گیل، الیکس ہیلز، شین واٹسن اور شکیب الحسن کو آئیکون پلیئرز بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، مجموعی طور پر 30 غیرملکی کرکٹرز شامل ہوں گے،بھارتی کھلاڑیوں کی شمولیت بورڈ کے این او سی سے مشروط ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا کرکٹ نے فرنچائز اونرشپ رائٹس، میڈیا براڈکاسٹ اور گراؤنڈ اسپانسر شپ حقوق 5 سال کیلیے دبئی کی کمپنی آئی پی جی کو تقریباً11 ملین ڈالر میں فروخت کیے ہیں،ابتدائی 2 برسوں میں ہرسال1۔9 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ اگلے تین سال 10فیصد کا اضافہ ہوتا جائے گا، اس کمپنی کے پارٹنر اور سی ای او جواد غلام رسول ٹی 10لیگ کے اولین ایڈیشن میں بھی اسی حیثیت سے کام کر چکے، وہ اب پختون ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو ہیں، سری لنکا کرکٹ کو صرف گراؤنڈز کی سہولیات اور امپائرز و میچ آفیشلزکو دیکھنا ہوگا باقی تمام کام آئی پی جی سنبھالے گی۔