حکومت کا ملک میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان


اسلام آباد۔ حکومت پاکستان نے ملک میں بجلی سے بسیں چلانے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈائیوو پاکستان اورچین کی سکائی ویل کمپنی کے مابین ملک میں الیکٹرک بسیں لانے کا معاہدہ  ہو جائے گا جوکہ حکومت کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  اس سال سے پاکستان میں بجلی سے بسیں چلنا شروع ہوں گی جبکہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ اگلے تین سالوں میں یہ بسیں ملک میں تیار ہونا بھی شروع ہو جائیں جس کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حال ہی میں ملکی تاریخ کی پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی منظور کی گئی تھی، پالیسی کے تحت موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو بیٹریز پر منتقل کیا جا سکے گا، پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز مینو فیکچرر یونٹس بھی قائم ہوں گے۔