اسٹیو جابز اور بل گیٹس ٹیکنالوجی کی دنیا میں متعدد انقلابات برپا کرنے والے 2 بڑے نام ہیں۔
اسٹیو جابز ایپل جبکہ بل گیٹس مائیکرو سافٹ کے شریک بانی ہیں اور ان دونوں کی سی ویز سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہیں۔
ایک ایکس پوسٹ کے مطابق یہ سی ویز اس وقت کی ہیں جب ان دونوں کی عمریں صرف 18 سال تھی۔
بل گیٹس کی یہ سی وی 1974 کی ہے جس میں انہوں نے خود کو کمپیوٹر پروگرامنگ کا ماہر قرار دیا ہے۔
انہوں نے اس میں متعدد پروگرامنگ لینگوئجز پر کام کرنے کے تجربے کا ذکر کیا ہے۔
زیادہ خاص بات یہ ہے کہ اس وقت بھی وہ 35 ہزار ڈالرز تنخواہ لے رہے تھے یا کم از کم سی وی میں تو یہی درج کیا ہے۔
اس سی وی میں انہوں نے پال ایلن کے ساتھ اشتراک کا حوالہ بھی دیا اور دونوں نے ہی آگے جاکر 1975 میں مائیکرو سافٹ کی بنیاد رکھی۔
یہ دنیا کی سب سے بڑی کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم سافٹ وئیر کی کمپنی بنی۔
بل گیٹس بچپن سے ہی کمپیوٹر پروگرامنگ میں دلچسپی رکھتے تھے اور انہوں نے اپنا پہلا کمپیوٹر کوڈ 13 سال کی عمر میں تحریر کیا۔
دوسری جانب اسٹیو جابز کی سی وی 1973 کی ہے جس میں الیکٹرونکس اور ٹیکنالوجی کو اپنی خصوصی صلاحیتیں قرار دیا۔
انہوں نے بعد میں ایپل، نیکسٹ اور پکسر اینیمیشن اسٹوڈیوز جیسی کمپنیوں کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے Macintosh اور ایپل 2 جیسے اولین کمپیوٹرز کو متعارف کرایا اور بعد ازاں آئی میک، آئی پوڈ، آئی فون اور آئی پیڈ ڈیوائسز دنیا کے سامنے پیش کیں۔
1985 میں انہیں ایپل سے نکال دیا گیا تھا مگر 1997 میں ان کی واپسی ہوئی اور وہ اسے ایک بار پھر دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک بنانے میں کامیاب رہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بل گیٹس اور اسٹیو جابز ایک دوسرے کے شدید مخالف تھے اور ان کی لڑائیاں راز نہیں۔
مگر ان دونوں کی تشکیل کردہ کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو اب 3 ہزار ارب ڈالرز سے زیادہ ہے۔