گوگل کو سخت ٹکر، ٹک ٹاک میں مقامات کے ریویوز کا نیا فیچر متعارف

مشہور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سرچ انجن کے میدان میں گوگل کو سخت مقابلہ دینے کی جانب نیا قدم بڑھا دیا ہے۔ اب صارفین ٹک ٹاک ویڈیوز میں دکھائے گئے مقامات کے متعلقہ ریویوز اور اسٹار ریٹنگز بھی ایپ کے اندر ہی دیکھ سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق، یہ فیچر اس وقت آزمائشی مرحلے میں ہے اور ویڈیو کے کمنٹس ٹیب میں ایک اضافی "ریویوز" نامی ٹیب شامل کی گئی ہے، جہاں صارفین مخصوص مقام کے بارے میں دیگر صارفین کی رائے، درجہ بندی اور تصویریں ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر اگر صارفین نیویارک کے سینٹرل پارک کی ویڈیو دیکھ رہے ہوں، تو انہیں اس پارک کے بارے میں ریویوز، اسٹار ریٹنگز، اور دیگر صارفین کی جانب سے لی گئی تصاویر تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔ مزید یہ کہ ریویو کرنے والے صارف کے یوزر نیم پر کلک کر کے اس کی ٹک ٹاک پروفائل پر بھی جایا جا سکتا ہے۔

یہ فیچر گوگل میپس اور گوگل سرچ کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جا رہا ہے۔ گوگل کے ایک عہدیدار نے 2022 میں تسلیم کیا تھا کہ نوجوان طبقہ سرچ کے لیے گوگل کے بجائے ٹک ٹاک کا استعمال زیادہ کر رہا ہے۔

ٹک ٹاک نے 2024 میں امیج سرچ کا آپشن بھی متعارف کرایا تھا، اور اب اس نئے فیچر کے ذریعے وہ سرچ انجن کے میدان میں گوگل کی اجارہ داری کو مزید چیلنج کر رہا ہے۔