پاکستانی کرکٹ ٹیم سیریز ہار گئی، دل جیت گئی، سابق کرکٹرز نے تعریفوں کے پل باندھ دیئے 

 


اسلام آباد۔ کرکٹ کی دنیا کی باعزت شخصیات کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے باوجود تعریفیں سامنے آرہی ہیں۔

 انگلینڈ سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز 1-0 سے ہارنے کے باوجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بارے میں ماہرین نے رائے دیتے ہوئے انہیں دیکھنے کے قابل ٹیم قرار دیا۔

 سیریز کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز پر تبصرے لیے گئے جس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین، سابق لیگ سپنر شین وارن، مائیکل ہولڈنگ اور مائیکل ایتھرٹن نے سیریز میں اپنی پسندیدہ یادوں کو شیئر کیا، اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیلی گئی بہترین کرکٹ کی تعریف کی اور ان کھلاڑیوں سے متعلق بات کی جنہوں نے انہیں متاثر کیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا تھا کہ پاکستانی ٹیم یہاں کھیلنے آئی، آپ اندازہ بھی نہیں لگاسکتے کہ یہ فیصلہ لینا کتنا مشکل ہوگا کہ کورونا وائرس سے بھرے ہوئے انگلینڈ میں کھیلنے جایا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بھلے ایک بیٹسمین کم تھا مگر ان کے پاس بہترین باؤلنگ سائیڈ تھی، میرے لیے سیریز کا بہترین موقع وہ تھا جب پاکستانی کھلاڑی زیک کراولی کی ڈبل سنچری کرنے پر ان کی طرف بڑھے اور انہیں داد دینے لگے، بالکنی میں موجود تمام لیجنڈ کھڑے ہوئے یہاں تک کہ وسیم اکرم نے کمنٹری کرتے ہوئے ان کیلئے تالیاں بجائیں ”۔


ناصر حسین نے کہا کہ”سیریز بہت ہی اچھی سوچ کے ساتھ کھیلی گئی، پاکستانی ٹیم کو یہاں دیکھ کر اچھا لگا، یہ ہمیشہ سے ایک بہترین ٹیم ہے، ایک منٹ میں اوپر اگلے ہی لمحے نیچے مگر یہ ٹیم دیکھنے کے قابل ہے”۔

 مائیکل ہولڈنگ کا کہنا تھا کہ”ایسے وقت میں پاکستانی ٹیم کا یہاں آنا اچھا لگا، میرے خیال سے انہیں پہلا ٹیسٹ جیتنا چاہیے تھا، فیلڈ میں پاکستان سے چند غلطیاں ہوئی ہیں مگر میں پاکستانی نوجوان باؤلرز سے متاثر ہوا ہوں، شاہین شاہ اور نسیم شاہ نوجوان باؤلر ہیں یہ جیمس اینڈریسن سے بھی عمر میں چھوٹے ہیں انہیں وقت دیں، ان میں صلاحیت ہے یہ خود کو اور بہتر کریں گے اور ٹیم کو مستقبل میں فاسٹ باؤلرز کا ایک بہترین جوڑا میسر آئے گا”۔

انگلینڈ کے سابق سپنر شین وارن کا کہنا تھا کہ”سب سے پہلے تو پاکستانی ٹیم کو یہاں دیکھ کر اچھا لگا، دوسری بات انہیں پہلا میچ جیتنا چاہیے تھا، یہ دیکھنے کیلئے بے حد دلچسپ ٹیم ہے، اظہر علی نے بہترین کپتانی کی اور سپنرز نے کمال کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا خصوصا یاسر شاہ نے بہترین باؤلنگ کی، میرے خیا ل سے یہ پاکستانی کرکٹ کیلئے اچھا وقت ہے اور یہ ایک اچھی ٹیم ہے”۔

مائیکل اتھرٹون کا کہنا تھا کہ”ہم سب شکر گزار ہیں کہ پاکستانی ٹیم یہاں کھیلنے آئی، میرے لیے بہترین موقع اظہر علی کی سنچری تھا، ان کی 141 رنز کی اننگز نے ان کی بہت سی صلاحیتوں کو اند ر سے نکال کر سامنے رکھ دیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم کو بہترین نوجوان فاسٹ باؤلرز ملے ہیں جو پاکستانی ٹیم کو مستقبل میں اچھے مقام تک لے کر جاسکتے ہیں۔