پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر

 مانچسٹر میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا اور بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران انگلینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ  کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنالیے ہیں جب کہ ابھی چار اوورز کا کھیل باقی تھا کہ بارش کے باعث کھیل کو روک دیا گیا۔

قبل ازیں مانچسٹر میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو پہلے ہی اوور میں اوپنر جانی بیرسٹو کی وکٹ کا نقصان اُٹھانا پڑا تھا جب وہ محض مجموعی 3 رنز کے اسکور پر عماد وسیم کی گینڈ پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے تھے۔

پہلی وکٹ کے بعد ڈیوڈ میلن اور ٹام بینٹن نے بالترتیب 23  اور 71 رنز کی ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے مجموعی اسکور میں مسلسل اضافہ کرتے رہے ہیں۔ میلن کو شاداب خان کی گیند پر محمد حفیظ نے رن آؤٹ کیا جب کہ شاداب کی گیند پر عماد وسیم نے بینٹن کو کیچ لیکر پویلین کی راہ دکھائی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر بیٹنگ نہ کرسکا اور پتوں کی طرح وکٹیں گرتی رہیں۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور شاداب خان نے دو دو جب کہ افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم کے ساتھ فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد رضوان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔