لندن۔پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ کل اولڈ ٹریفورڈ‘مانچسٹر میں منعقد ہوگا اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ اس سے قبل ٹیسٹ سیریز میں بھی بارش حائل رہی تاہم انگلینڈ کی ٹیم 1-0 سے سیریز جیت گئی
دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اب سیریز میں اہمیت اختیار کر گیا ہے دونوں ٹیمیں سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گی‘قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ کوشش کریں گے کہ کم از کم قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلے اس کے لئے سب کھلاڑیوں کو بھرپور محنت کرنا ہوگی
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی چند غلطیوں کے باعث سیریز ہاتھ سے نکل گئی تاہم کھلاڑی فارم میں ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ آنے والے میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سکواڈ زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اس کے ساتھ ساتھ باؤلرز بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کررہے ہیں تاہم میچ صرف باؤلنگ یا صرف بیٹنگ سے نہیں جیتا جاسکتا باؤلنگ اوربیٹنگ دونوں کا بہتر ہونا ضروری ہوتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ بھی اہم ترین کردار ادا کرتی ہے ہم سب کو ان تینوں شعبوں میں مل کر کام کرنا ہوگا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مورگن کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑی فارم میں ہیں اور آنے والے دونوں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کریں گے۔