سابق اسٹار راشد لطیف کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر محمد رضوان انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں خاصے مستعد نظر آئے،مینجمنٹ انھیں تینوں فارمیٹ میں موقع دے رہی ہے،ہوسکتا ہے کہ وہ محمد رضوان میں مستقبل کا کپتان دیکھ رہے ہوں۔
راشد لطیف نے کہا کہ وکٹ کیپر کا کام صرف بیٹنگ اور کیپنگ نہیں، اس کا کسی ٹیم کو چلانے میں ہاتھ ہوتا ہے، محمد رضوان کا بولرز کے ساتھ اچھا تال میل نظر آیا، وہ میچ کے 50فیصد معاملات چلا رہے تھے،شاداب خان کو چھکا پڑا تو سمجھانے کیلیے گئے،فیلڈ سیٹنگ میں بھی مدد کرتے رہے،ان میں کپتان کی خوبیاں موجود ہیں،انھوں نے دورہ انگلینڈ میں اچھا تاثر چھوڑا،وہ طویل عرصے پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔
راشد لطیف نے یہ بھی کہا کہ سرفراز احمد کیلیے دروازے بند نہیں ہوئے، شعیب ملک اور محمد حفیظ واپس آسکتے ہیں تو وکٹ کیپر بیٹسمین کیوں نہیں۔